شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے صبا حمید کو 29 سال بعد طلاق دینے پر خاموشی توڑ دی۔
وسیم عباس اور صبا حمید کا شمار شوبز مقبول اداکاروں میں ہوتا ہے اور دونوں اپنی صلاحیتوں اور انداز کی وجہ سے جانے جاتے تھے لیکن اداکار نے اب تصدیق کی ہے کہ وہ اب حقیقی زندگی میں برسوں سے ایک ساتھ نہیں ہیں۔
انہوں نے اپنی سابقہ اہلیہ صبا حمید سے طلاق کا اعلان کرتے ہوئے کچھ واضح بیانات دیے ہیں۔
وسیم عباس نے بتایا کہ صبا حمید کے ساتھ ان کی دوسری شادی 29 سال تک چلی اور وہ پہلے ہی 14 سال سے الگ رہ رہے تھے لیکن 29 سال بعد ان کی باقاعدہ طلاق ہوگئی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ایک ساتھ کام بھی کیا اور بعض اوقات دوستوں کی طرح رات کے کھانے پر بھی گئے لیکن وہ ایک ساتھ نہیں رہتے تھے۔ اگر انہیں کوئی پروجیکٹ آفر ہوا تو وہ اب بھی ایک ساتھ کام کر سکتے ہیں اور ان کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے کوئی رنجش نہیں ہے۔
یہ پڑھیں: علی میرا سایہ ہے میں مرنے کے بعد اس میں ہی دکھائی دوں گا، وسیم عباس
وسیم نے کہا کہ انہیں طلاق سے بالکل بھی دکھ نہیں ہوا کیونکہ اس میں کوئی جذبات شامل نہیں تھے، ان کی کوئی اولاد بھی نہیں تھی، انہوں نے ہمیشہ محبت سے زیادہ عزت کو اہمیت دی اور انہیں لگا کہ یہ فیصلہ درست تھا، وہ کبھی بھی ایک دوسرے کی برائی نہیں کرتے، نہ ہی ایک دوسرے کے بارے میں برا بھلا کہتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی دوسری شادی کو غلطی قرار نہیں دیتے لیکن اگر ماضی پر نظر ڈالیں تو شاید یہ ایک غلطی تھی۔
انٹرنیٹ پر ان کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین بھی کمنٹس کررہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ تو وہ اس عمر میں بھی ان چیزوں کا مذاق اڑا رہے ہیں؟ ایک اور نے کہا کہ اگر آپ الگ ہو گئے ہیں تو ان کے بارے میں بات نہ کریں۔


