کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کسی کا گھر نہیں ٹوٹنے دیں گے، سعید غنی اور میں عدالت جائیں گے، وزیراعلیٰ اور وزیر بلدیات سمیت سب ساتھ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں، وزیراعلیٰ اور وزیربلدیات سمیت سب ساتھ ہیں، گھرنہیں ٹوٹنے چاہییں، سعید غنی اور میں عدالت جائیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے میئر کے استعفے کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نئے سیاسی لیڈر بننے والوں سے متعلق بات نہیں کرنا چاہتا۔
یہ باتیں وہ لوگ باتیں کر رہے ہیں جنہوں نے ابھی نئی نئی سیاست کرناشروع کی ہے، جو لوگ کسی پارٹی میں نہیں وہ بھی اچھل رہے ہیں، پی ٹی آئی میں نئے آنے والوں کو سوچنا چاہیے۔
وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ کے ایم سی کے کرائے دار تھے انہیں متبادل جگہ فراہم کی جائے گی،50سال کا بگاڑ ہے جس میں ادارے بھی ملوث ہیں، ان افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے قوانین بنائے جائیں کہ آئندہ کوئی تجاوزات یا غیر قانونی تعمیرات نہ بناسکے اور ایس بی سی اے بھی این او سی جاری نہ کرے۔