کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے شہر کے 6 قبرستانوں میں تدفین پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کے زیرانتظام 6 قبرستانوں میں مردوں کی تدفین پر پابندی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق میئر کراچی نے یہ فیصلہ شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہونے کے بعد بلدیہ عظمیٰ کے اجلاس میں کیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ کے ایم سی کے تحت چلنے والے 6 قبرستانوں میں تدفین پر پابندی ہوگی اور ان قبرستانوں میں جگہ فراہم کرنے والے عملے کے خلاف سخت کارروائی بھی کی جائے گی۔
میئر کراچی نے شاہ فیصل کالونی، کورنگی مولا بخش، عظیم پورہ، ماڈل کالونی، ملیر، پاپوش نگر، یاسین آباد گلبرگ کے قبرستانوں میں مردوں کی تدفین پر پابندی عائد کی۔
وسیم اختر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جامعہ ملیہ ملیر، چکرا گوٹھ کے قبرستانوں میں تدفین کرسکتے ہیں، علاوہ ازیں شہریوں کو محمد شاہ صدیق آباد، نیوکراچی کے قبرستانوں میں تدفین کی اجازت ہے جبکہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر7 قبرستان میں بھی شہری تدفین کرسکتے ہیں۔