اے آروائی نیوز کے معروف اینکر وسیم بادامی آج اپنی 32ویں سالگرہ منارہے ہیں‘ وسیم 7 فروری 1985 میں کراچی میں پیدا ہوئے تھے‘ انہوں نے 2006 میں اے آروائی سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔
سینئر اینکرپرسن وسیم بادامی نے سن 2006 میں اے آروائی نیوز سے بطور نیوز کاسٹر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا‘ اپنی صلاحیتوں اور اے آروائی نیوز کی اپنے ادارے سے وابستہ افراد پربھروسا کرنے کی پالیسی کی بنا پر وسیم جلد ہی ٹاک شو میں میزبانی کے فرائض انجام دینے لگے ‘ ان کے شو کا ’نام الیونتھ آور ود وسیم بادامی‘ ہے۔
رات گیارہ بجے نشر ہونے والے اس شو میں وسیم بادامی انتہائی مشکل سوال اتنے معصومانہ انداز میں پوچھتے ہیں کہ سامنے والا جواب دیے بغیر نہیں رہ سکتا‘ ان کی نرم طبعیت اور سیاست کے گرم موضوع جیسا یہ نرم گرم ٹاک شو اپنے آپ میں انفرادیت رکھتا ہے اور ان کے مخصوص انداز کے مداح ان کا شو انتہائی پسندیدگی سے دیکھتے ہیں۔
وسیم بادامی اس کے علاوہ اے آروائی نیوز کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے متعلق خصوصی ٹرانسمیشن ’ہرلمحہ پرجوش‘ میں بھی میزبانی کے فرائض انجام دیتے ہیں ‘ جسے کرکٹ کے ناظرین بے پناہ پسند کرتے ہیں۔
ماہِ رمضان میں اے آروائی ڈیجیٹل سے نشرہونے والی خصوصی ٹرانسمیشن ’شانِ رمضان‘ کی میزبانی کا شرف بھی وسیم بادامی کو حاصل ہے اور اس ٹرانسمیشن کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ناظرین پسند کرتے ہیں اوراپنے سحرو افطار کے روح پرور لمحات میں اے آروائی ڈیجیٹل کے ہمراہ گزارتے ہیں۔
وسیم بادامی پاکستان کی اب تک کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلم وار میں نیوز ہوسٹ کا مختصر کردار بھی ادا کرچکے ہیں۔
وسیم بادامی نہ صرف ایک قابل نیوزہوسٹ ہیں بلکہ وہ ایک انتہائی خوش الحان ثنا خوان بھی ہیں اور شانِ رمضان ٹرانسمیشن کے دوران کبھی کبھی ذکر ِ رسول ﷺ کرکے اپنی آواز کا سحر جگاتے ہیں۔
آج اے آروائی نیوز کے مارننگ شو کی میزبان صنم بلوچ نے ان کی سالگرہ کے موقع پرخصوصی شو کا اہتمام کیا ہے جس میں وسیم کے ساتھ سرعام کے مشہورزمانہ ہوسٹ اقرارالحسن بھی شریک ہیں‘ شو میں وسیم نے اپنی زندگی سے متعلق انتہائی دلچسپ اعترافات کیے ہیں اور کئی اہم گوشوں کو اپنے مداحوں کے سامنے آشکار کیا ہے۔