کراچی: شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھنے لگیں، پی آئی بی کالونی میں ایک موبائل شاپ پر کچرا چننے والے لڑکوں نے واردات کر کے لاکھوں مالیت کے موبائل فونز لوٹ لیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز پی آئی بی تھانے کی حدود میں صبح 5 بج کر 13 منٹ پر نقب زنی کی واردات کی گئی، جس میں 3 کچرا چننے والے لڑکوں نے دکان کا صفایا کر دیا۔
یہ واردات پی آئی بی 8 نمبر بس اسٹاپ کے قریب واقع موبائل کی دکان میں کی گئی، سی سی ٹی وی کیمرے نے یہ واردات ریکارڈ کر ڈالی، فوٹیج میں دکان میں اندر جاتے ہوئے 3 ملزمان کو دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کچرا چننے والے لڑکوں نے دکان کے تالے توڑے، اور موبائل کی دکان سے 3 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز اور دیگر سامان لے کر فرار ہوگئے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈکیت لڑکوں نے دکان کے سامنے کھڑے رکشے کا بھی سہارا لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق علاقہ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے، پی آئی بی پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جلد سی سی ٹی فوٹیج میں نظر آنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔