نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر روی چندرن ایشون نے بابر اعظم کو ملین ڈالر بیٹسمین قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر روی چندرن ایشون نے یوٹیوب پر سابق کپتان انضمام الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے بعد پاکستان ٹیم میں اتنا باصلاحیت کرکٹر دیکھا ہے۔
روی چندر ایشون نے کہا کہ بابر اعظم ملین ڈالر پلیئر ہیں ان کی بیٹنگ بہت انجوائے کرتا ہوں۔
ایشون نے کہا کہ بابر اعظم کو ایکشن میں دیکھنا ایک خوشگوار تجربہ ہوتا ہے جس سے میں بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوتا ہوں۔
دوسری جانب انضمام الحق کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور اس سے بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ کوئی بھی بیٹسمین 7 یا 8 سال میں عروج پر پہنچتا ہے، بابر اعظم نے صرف 5 سال انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی اس کا مطلب یہ ہوا کہ انہیں ابھی مزید بلندیوں کو چھونا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں بابر اعظم کو ٹیسٹ کرکٹ کی قیادت بھی دی گئی ہے، بابر اعظم تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
بابر اعظم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے، بابر اعظم نے پی ایس ایل فائنل میں شاندار نصف سنچری اسکور کرکے کراچی کنگز کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔