اسلام آباد : ملک کے سب سے بڑے ڈیم تربیلا میں پانی کا قابل استعمال ذخیرہ ختم ہونے کے بعد پانی کی سطح ڈیڈ لیول ایک ہزار 386 فٹ پرآگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں پانی کی کمی مزید شدت اختیار کر گئی اور ملک کے سب سے بڑے ڈیم تربیلا میں پانی کا قابل استعمال ذخیرہ ختم ہونے کے بعد پانی کی سطح ڈیڈل لیول پرآگئی ہے۔
ملک میں بارشوں کی کمی اور گلیشیرز کے نہ پگھلنے سے ملک کے آبی ذخائر جولائی میں بھی بہتر نہ ہوسکے اور آئندہ چند روز میں بارشیں نہ ہوئیں تو صورت حال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔
فلڈ فار کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق آج تربیلا میں پانی کی آمد ایک لاکھ ایک ہزار اور اخراج 95 ہزار 500 کیوسک ہے جبکہ منگلا میں پانی کی آمد 39 ہزار اور اخراج 69 ہزار 127 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
ڈیموں میں پانی کی کمی کے باعث صوبوں کو ملنے والے پانی کی مقدار میں بھی کمی آئے گی اور صرف سندھ کے گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج میں پانی کی قلت 40 سے 50 فیصد تک پہنچ جائے گی جس کے باعث چاول سمیت مختلف فصلوں کے متاثرہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
پاکستان میں سالانہ 25 ارب روپے کا پانی ضائع
یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان میں ہر سال 25 ارب روپے کی مالیت کا پانی ضائع کردیا جاتا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔