The news is by your side.

Advertisement

کراچی میں دل کے اسپتال کی پانی کی لائن کاٹ دی گئی

کراچی: واٹراینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو اینڈ ایس بی ) نے کراچی میں ادارہ برائے امراض قلب اسپتال کا پانی کا کنکشن کاٹ دیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق واٹر بورڈ نے واجبات کی ادائیگی کے باوجود ادارہ برائے امراض قلب اسپتال کا پانی کا کنکشن کاٹ دیا، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادارہ امراض قلب واٹر بورڈ کو ہر ماہ باقاعدگی سے واجبات ادا کرتا ہے۔

ذرائع کے مطابق واٹر بورڈ افسران کا کہنا تھا کہ یہاں پر پانی چوری کیا جارہا ہے جس کی بنا پر کنکشن منقطع کیا گیا جبکہ اسپتال انتظامیہ نے واٹر بورڈ کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کوئی بھی پانی کا غیرقانونی کنکشن استعمال نہیں کررہا۔

دوسری جانب ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ آپریشن میرے علم میں لائے بغیر کیا گیا، میں نے پانی چوری کے خلاف آپریشن کی اجازت دی تھی۔

پانی کا کنکشن منقطع ہونے کے باعث آپریشن بھی رک گئے ہیں، ایم ڈی واٹر بورڈ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری پانی کی فراہمی بحال کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔

آخری اطلاعات آنے تک ایم ڈی واٹر بورڈ کے احکامات کے باوجود ادارہ برائے امراض قلب کا پانی کا کنکشن بحال نہیں کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں پانی چوری کے خلاف واٹر بورڈ کا آپریشن جاری ہے، گزشتہ دنوں متعدد علاقوں میں پانی کے غیرقانونی کنکشن منقطع کیے گئے تھے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں