کراچی: پیپلزپارٹی نے ملکی ثقافت اور تمام زبانوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، معروف اداکار قیصر نظامانی کے ہمراہ ایوب کھوسہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی پر چلنے والے غیر ملکی چینلز سے بہتر ہے کہ ہم اپنی ثقافت کو اجاگر کریں۔
کراچی پریس کلب پر پی پی کی جانب سے منعقد کی جانے والی پریس کانفرنس قیصر نظامانی اور ایوب کھوسہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے ہمیں ملکی کلچر کو مضبوط کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ثقافت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے چیئرمین پیمرا ابصار عالم سے بھی ملاقات ہوئی جس میں انہیں غیر ملکی مواد نشر کرنے کے حوالے سے اپنے خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے بھارتی چینلز کی جگہ پاکستان کی علاقائی ثقافت کے پروگرام چلانے کا مطالبہ بھی کیا۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں اداکاروں کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی 4 فروری کو آرٹس کونسل میں پہلا مزاحیہ مشاعرہ منعقد کروارہی ہے جسے نشر کرنے کے حوالے سے چیئرمین پیمرا سے مدد طلب کی ہے اور اُن سے استدعا کی کہ وہ تمام چیلنز کو یہ پروگرام دکھانے کی ہدایت جاری کریں۔
قیصر نظامانی نے کہا کہ پی ٹی وی ایک مخصوص زبان کی عکاسی کرنے لگاہے جبکہ قومی چینل میں ریٹائرڈ شخصیت کو ایم ڈی کی ذمہ داری دی گئی ہے جو قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ یہ بات ہمارے علم میں آئی ہے کہ پی ٹی وی کے ڈراموں اور کھیل کے شعبے کو دو نجی چیلنز کے حوالے کرنے کی تیاری کرچکی ہے۔ قیصر نظامانی نے حکومت اس فیصلے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔