لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ فاسشٹ مودی کی مسلمانوں کے خلاف قانون سازی کو مسترد کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دیں، 128 روز سے جاری کرفیو نے کشمیریوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں ظلم وستم کے ریکارڈ توڑ دیے، عالمی برادری مقبوضہ وادی پر بھارت کےغاصبانہ قبضے کا فی الفور نوٹس لے۔
اعجاز چوہدری نے مزید کہا کہ فاسشٹ مودی کی مسلمانوں کے خلاف قانون سازی کو مسترد کرتے ہیں، متنازع قانون سازی نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔
مسلمانوں کے سوا تارکین وطن کو بھارتی شہریت دینے کا ترمیمی بل منظور
واضح رہے کہ بھارتی لوک سبھا میں شہریت کا متنازع بل بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے پیش کیا۔ اس قانون کے تحت مسلمانوں کے سوا 6 مذاہب کے غیرقانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دینے کی تجویز پیش کی گئی، جس کے حق میں 293 ووٹ آئے جبکہ 82 اراکین اسمبلی نے اسے مسترد کردیا۔
ترمیمی شہریت بل سے آسام میں کئی دہائیوں سے رہائش پذیرلاکھوں بنگالی مسلمان سب سے زیادہ متاثرہوں گے۔