کراچی: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ہم سندھ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، تنقید صرف ان کی مدد کے لیے کر رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گزشتہ رات گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ اندرون سندھ کرونا وائرس کے درجنوں مریض ہیں، سندھ حکومت سے درخواست ہے ان مریضوں پر توجہ دیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا ہم ساتھ چلتے ہیں یہ وقت ایک دوسرے پر تنقید کا نہیں ہے، ہم تنقید صرف ایک دوسرے کی مدد کے لیے کر رہے ہیں، سب متحد ہیں، سوالوں کا جواب ہمیں بھی اور اپوزیشن کو بھی دینا ہوگا۔ چیف جسٹس پاکستان نے جو کچھ کہا ہے اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ فیصل واوڈا گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے غائب تھے اب اچانک سامنے آ گئے، ان کو جس نے بھی معلومات دیں انتہائی غلط دی ہیں، سندھ حکومت کو پرائیویٹ لوگوں نے 15 کروڑ روپے کے فنڈز دیے، راشن کی تقسیم کے لیے ہم نے مجموعی 1 ارب 8 کروڑ ریلیز کیے، سندھ کی ہر یو سی میں 7 لوگوں کی ایک ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔
کتنا راشن کس کو دیا؟سپریم کورٹ کا سندھ حکومت سے جواب طلب
انھوں نے بتایا کہ صوبے میں فلاحی کام کرنے والے اداروں کو ایک ایپ کے ذریعے جوڑا گیا ہے، میں اس بات کا چیلنج قبول کرتا ہوں کہ ہم 6 لاکھ خاندانوں کو زکواۃ کی مد میں رقم دے چکے ہیں، ایک ایک آدمی کا شناختی کارڈ نمبر وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو بھیجتا ہوں۔