اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم صرف ڈیفالٹ سے نہیں بلکہ مارشل لا سے بھی بچ گئے، بڑے تدبر اور صبر سے اس معاملے کو سنبھالا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نجی ٹی وی چینل پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اپنی حکومت کی مدت پوری کرکے چھوڑی دی وعدہ پورا کردیا، اب نگراں حکومت کا معاملہ الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری کی منظوری ہوگئی، اب فیصلہ الیکشن کمیشن کرےگا، نئی مردم شماری مشترکہ مفادات کونسل کاسبجیکٹ ہے، میرایہ مانناہےکہ نئی مردم شماری کےتحت الیکشن ہوں گے۔
انتخابات کے حوالے سے سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ عام انتخابات سے متعلق اب فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، ہم نے اسمبلی تحلیل کر دی، اب ہم پر کوئی بوجھ نہیں ہے، عام انتخابات کب ہوں گے اس کا جواب الیکشن کمیشن دےگا۔
انھوں نے بتایا کہ ہم نے آئین کی پوری پاسداری کی، حکومتی مدت پوری کی، میری ذاتی رائے ہے کہ الیکشن جلد از جلد ہونے چاہیے، آئین کے مطابق عام انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 16 ماہ کی مختصر ترین اور 13پارٹیوں پر مشتمل وفاق حکومت تھی، ہرپارٹی کانظریہ،منشور مختلف ہونےکےباوجودملک کیلئے متحد ہوئے ، میرے لیے13جماعتوں کی اتحادی حکومت چلانا آسان کام نہیں، اتحادیوں کے تعاون سے حکومتی امورچلائے۔
الحمدللہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا، یہ مشکل مرحلہ تھا، صرف ڈیفالٹ نہیں بلکہ ایک حوالے سےمارشل لا کے خطرے سے بھی بچے، بڑے تدبر اور صبر سے اس معاملے کو سنبھالا۔