کراچی : اورنگی ٹاؤن سے ایم کیو ایم لندن کے یونٹ آفس سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لی ہیں جو محرم کے مہینے میں فرقہ ورانہ دہشت گردی میں استعمال ہونا تھا.
ترجمان رینجرز کے مطابق سندھ رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن اورنگی ٹاؤن کے یونٹ آفس 130 میں چھپایا گیا اسلحہ برآمد کرلیا ہے جو دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا.
ترجمان رینجرز کے مطابق یونٹ آفس کے خفیہ مقامات سے ایل ایم جی، کلاشنکوف، 22 رائفل، 2 تیس بور کے پستول اور 1850 مختلف اقسام کے راؤنڈز بھی برآمد کیے گئے ہیں جو کہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں استعمال ہونا تھا.
ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ مذکورہ یونٹ آفس غیر قانونی طور پر سرکاری زمین پر تعمیر کیا گیا تھا جس میں اسلحہ چھپانے کے لیے خصوصی طور خفیہ مقامات بھی بنائے گئے تھے جہاں سے رینجرز سے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ تحویل میں لے لیا ہے.
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چھپایا گیا اسلحہ کراچی کے امن کو تہہ و بالا کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا تاہم سندھ رینجرز کے شہر میں قائم امن کو ہر حال میں برقرار رکھنے کا تہیہ کر رکھا ہے جس کے لیے وہ کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی.