لاہور : لوگوں پر رعب جمانے کیلئے نوجوان نے شادی کی تقریب میں ممنوعہ خود کار اسلحے سے شدید ہوائی فائرنگ کی، اے آر وائی نیوز میں خبر نشر ہونے پر پولیس نے نوجوان کو گرفتارکرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ کا تاجر فاروق بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ بن گیا، ممنوعہ خود کار اسلحے سے اندھا دھند فائرنگ کرتا رہا۔
سفید شلوار قمیض اور ویسکوٹ میں ملبوس نوجوان نے علاقے کے لوگوں پر رعب ڈالنے کے لیے گولیاں چلائیں، اے آر وائی کو موصول فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان یکے بعد دیگرے میگزین لوڈ کرکے مسلسل ہوائی فائرنگ میں مصروف ہے۔
خادم اعلیٰ کے شہر میں قانون کے رکھوالوں کی آنکھ کھل گئی، پولیس نے خبر نشر ہونے کے بعد فاروق کو گرفتار کرلیا۔ شہریوں کی جانوں کو سنگین خطرے سے دوچار کرنے والے کو سیاستدان بننے کا شوق ہے۔
یہ نوجوان اکثراوقات رکن اسمبلی بننے کی اداکاری بھی کرتارہتا ہے، واضح رہے کہ لاہور میں یہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اکثر تقریبات میں مسلح افراد نہ صرف دندناتے پھرتے ہیں بلکہ سرعام اسلحے کی نمائش بھی کرتے ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔