اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ برٹش ایئرویز کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، برٹش ایئرویز کے بعد دیگر کمپنیاں بھی اپنا آپریشن بحال کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان دوسرے کئی ملکوں کے مقابلے میں زیادہ محفوظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ برٹش ایئرویز کا فضائی آپریشن بحال کرنا خوش آئند اقدام ہے، ہمارے خوبصورت ملک کو کئی لوگ درست طریقے سے سمجھ نہیں سکے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ برٹش ایئرویز کے بعد دیگر کمپنیاں بھی اپنا آپریشن بحال کریں گی، اکادکا منفی واقعات پر سفری انتباہ جاری نہیں کیے جانے چاہئیں۔
welcome @British_Airways in Pak,beautiful Country of ours is misunderstood by many, hope this event ll encourage others to start operations asap,Travel Advisory needs to be reviewed Pak is as safe as other Countries,isolated events must not be made basis of adverse advisory
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 18, 2018
مزید پڑھیں: برطانیہ کا پاکستان کے لیے برٹش ایئر ویز کی پروازیں بحال کرنے کا اعلان
واضح رہے کہ برطانیہ نے 10 سال بعد پاکستان سے برٹش ایئرویز کی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے، برٹش ایئرویز نے 10 سال قبل 2008 میں سیکیورٹی صورت حال کے باعث پاکستان سے اپنا فلائٹ آپریشن معطل کردیا تھا۔
برطانوی سفارتی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن کی بحالی خوش آئند ہے، آئندہ سال جون سے فلائٹ آپریشن شروع کیا جائے گا۔ برٹش ایئر ویز ہفتے میں 3 فلائٹ آپریٹ کرے گی۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بھی سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے برٹش ایئر ویز کی پروازیں بحال ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔
اپنے ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز کی دہائیوں پر مبنی جدوجہد رنگ لانے لگی۔ پاکستان میں امن اور استحکام آرہا ہے۔