The news is by your side.

Advertisement

معروف اداکارہ زیبا بیگم کی طبیعت ناساز، مداحوں سے دعا کی اپیل

لاہور: شہنشاہ جذبات اداکار محمد علی کی اہلیہ اور ماضی کی نامور اداکارہ زیبا بیگم کو طبیعت ناسازی کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق اداکارہ زیبا بیگم دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، آج طبیعت ناساز ہونے پر انہیں لاہور کے اسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا تاہم طبیعت نہ سنبھلنے پر انہیں ایمبولینس کے زریعے اسلام آباد منتقل کردیا گیا ہے۔

ماضی کی اداکارہ کو اسپتال منتقل کرنے کے بعد ان کے داماد شاہد نے بتایا کہ زیبا بیگم کو ایمبولینس کے ذریعے راولپنڈی آرمی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔

اداکارہ زیبا 10 ستمبر 1945 کو بھارت کے شہر انبالہ میں پیدا ہوئیں، انہوں نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 1962 میں فلم ’’چراغ جلتا رہا‘‘ سے کیا۔

اداکارہ زیبا اور محمد علی کی فلم “چراغ جلتا رہا” کو اس حوالے سے بھی تاریخ میں خاص اہمیت حاصل ہے کہ اس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

زیبا نے اپنے کیریئر میں 90 سے زائد فلموں میں کام کیا، ان کی سپر ہٹ فلموں میں ارمان ، ہیرا اور پتھر ، توبہ ، باجی ، محبت ، انسان اور آدمی ، جب جب پھول کھلے ، محبت زندگی ہے اور پھول میرے گلشن شامل ہیں۔

زیبا کی پہلی شادی اداکار سدھیر سے 1964 میں ہوئی تھی مگر یہ شادی زیادہ نہیں چل سکی اور دو سال تک ساتھ رہنے کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی، اپنے دوسرے شوہر اداکار محمد علی کے ہمراہ 50 سے زائد فلموں میں کام کرکے انہوں نے ایک ریکارڈ قائم کیا۔

زیبا کو 4 نگار ایوارڈ اور الیاس رشیدی گولڈ میڈل کے علاوہ دیگر اعزازات سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں