ویلنگٹن: نیوز ی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم صرف ایک سو چونتیس رنز پر آؤٹ کردی، نیل ویگنر نے 39رنز کے عوض 7وکٹیں حاصل کیں۔
تفصیلات کے مطابق نیوز ی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے ویلنگٹن ٹیسٹ کا پہلا دن نیوزی لینڈ کے نام رہا۔ کیویز نے ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں صرف ایک سو چونتیس رنز پر ٹھکانے لگادیا۔
اننگز کی خاص بات نیل ویگنر کی سات وکٹیں ہیں، ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ویسٹ انڈز کے اوپنرز نے ٹیم کو59رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن بلے بازوں کی پہلی شراکت ٹوٹتے ہی وکٹیں گرنے کی لائن لگ گئی۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلرنیل ویگنر کی تباہ کن بولنگ نے تباہی مچادی، ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم صرف ایک سو چونتیس رنز پر ٹھکانے لگ گئی۔ ویگنر نے39رنز دے کرسات کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ڈیبیو کرنے والے ویسٹ انڈین بیٹسمین ایمبرس نے پہلی گیند پر ہٹ وکٹ ہوکر نیا ریکارڈ بنادیا، ویسٹ انڈیز کے پانچ بیٹسمین ڈبل فیگرز میں بھی نہ پہنچ سکے۔
جواب میں نیوزی لینڈ نے پہلے روز دو وکٹوں پر85رنزبنالئے، جیت راول 29اور راس ٹیلر12رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔