منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

اسرائیلی آبادکاروں کے بڑے پیمانے پر حملے، 50 سے زائد فلسطینی زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی سیکورٹی میں اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں میں کم از کم 54 فلسطینی زخمی ہو گئے۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی آباد کاروں اور فوجیوں نے آج صبح مغربی کنارے کے قصبوں پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں گرفتاریاں، درجنوں زخمی اور زرعی اراضی اور املاک کی تباہی ہوئی ہے۔

آباد کاروں نے نابلس کے جنوب میں تلفت اور قصرہ کے قریب فلسطینیوں پر براہ راست گولہ بارود اور آنسو گیس فائر کی، آباد کاروں نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع قصبے میخماس کے قریب خلیت الصدرہ کے اجتماع پر دھاوا بول دیا۔

ترمس آیا میں رام اللہ کے قریب آباد کاروں نے تقریباً 300 زیتون کے درخت کاٹ دیے اور زرعی زمین کو بلڈوز کر دیا، جب کہ فوجی دستوں نے گاؤں میں گھروں پر چھاپے مارے اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔

اسی علاقے میں، فوج نے دیر غسانہ اور بیت ریما پر دھاوا بول دیا، جب کہ جبہ، سیرس اور میتھالون سمیت جنین کے قریب کئی قصبوں پر بھی فوج موجود رہی۔

حماس نے طولکرم اور مقبوضہ مغربی کنارے کے دیگر علاقوں میں "آباد کار گروہوں اور فاشسٹ قابض فوج” کے ذریعہ کئے گئے "وحشیانہ حملے” کی مذمت کی ہے۔

حماس نے بیان میں کہا کہ جنگی مجرم نیتن یاہو کی حکومت منظم طریقے سے ہمارے فلسطینی عوام کے خلاف نسلی تطہیر کی پالیسی پر عمل درآمد کر رہی ہے، قابض فوج کی طرف سے محفوظ بھاری ہتھیاروں سے لیس آباد کاروں کو مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں، دیہاتوں اور کیمپوں میں تباہی مچانے کے لیے بےلگام کر رکھا ہے۔

حماس نے بین الاقوامی اداروں پر عمل کرنے پر زور دیا اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں سے مطالبہ کیا کہ "ان خطرناک پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہو جائیں، اور ہر قسم کی جدوجہد اور مزاحمت کو فعال کریں”۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں