دبئی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کالی آندھی پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس ہوتے ہوئے تاریخ کے کم ترین اسکور 115 پر پویلین لوٹ گئی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر مخالف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ابتداء میں ویسٹ انڈین بلے باز پاکستانی باؤلنگ کے سامنے بے بس نظر آئے اور صرف 40 رنز کے اسکور پر 8 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستانی اسپینر عماد وسیم نے 14 رنز دیتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جس کے بعد وہ پاکستان کے دوسرے بالر کے طور پر سامنے آئے جس نےٹی ٹوئنٹی میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔
علاوہ ازیں فاسٹ بالر سہیل تنویر نے 2 وکٹیں جبکہ محمد نواز اور علی حسن نے ایک ایک وکٹ حال کی، تاہم ویسٹ انڈین بلے باز راس ٹیلر اور براوو نے گرتی بیٹنگ لائن کو سہار دیتے ہوئے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم 115 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
یاد رہے ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 2013 کے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے خلاف سب سے کم ترین اسکور 124 رنز بنائے تھے تاہم آج کے میچ میں شاہینوں کی عمدہ بالنگ کے باعث ماضی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
ویسٹ انڈیز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ جاری ہے، اوپنر شرجیل خان 22 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم بابر زمان 7 رنز اور خالد لطیف 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔