لاہور: سیکیورٹی خدشات کی بنا پر ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے پاکستان آنے سے انکار کردیا، مکمل سیریزاب متحدہ عرب امارات میں ہوگی، اس سے قبل بنگلہ دیش بھی اسی بہانے انکار کرچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کو 3 میچوں کی سیریز پاکستان میں کھیلنے کی پیش کش کی تھی تاہم ویسٹ انڈیزبورڈ نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کی بنا پرپاکستان آنے پرانکار کے بعد اب دونوں ممالک کے درمیان مکمل سیریز متحدہ عرب امارات میں ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ برس پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیش کو بھی ہوم سیریز کی دعوت دی تھی تاہم بی سی بی حکام نے سیکیورٹی وجوہات کا بہانہ بنا کر پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا۔
پاکستان میں 2009 میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے راستے میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پرحملہ کی گیا تھا جس کے بعد سے عالمی کرکٹ کے دروازے پاکستانی میدانوں پربند ہوگئے تھے، حملے میں سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے تاہم سری لنکن ٹیم کو محض معمولی زخم پیش آئے تھے۔
اس سانحے کے بعد زمبابوے وہ واحد ٹیم ہے جس نے 2015 میں پاکستان کادورہ کیا اور ایک ون ڈے میچ اور ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلی تھی۔