site
stats
کھیل

فیکا رپورٹ مسترد، ویسٹ انڈیز دورہ پاکستان پر آمادہ

کیریبیئن : ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کا سیکیورٹی وفد پاکستان کا دورہ کر کے سیکیورٹی کا جائزہ لے گا جس کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے امکانات ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹر ایسوسی ایشن (فیکا) کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا سیکیورٹی وفد رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گا۔

ویسٹ انڈیز کر کٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد پاکستان میں کھلاڑیوں کی حفاظت کے حوالے سے اُٹھائے گئے اقدامات کا بہ غورجائزہ لینے کے بعد ویسٹ انڈیز ٹیم کی پاکستان آمد کا فیصلہ کرے گا۔

ویسٹ انڈیزکے سابق کھلاڑی برائن لارا اور ویون رچرڈز سمیت کئی کھلاڑی پہلے مختلف ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان کا نہ صرف یہ کہ دورہ کر چکے ہیں بلکہ کئی کئی ماہ قیام بھی کر چکے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کر کٹ بورڈ کی جانب سے فیکا رپورٹ کے برخلاف پاکستان میں میچ کھیلنے کی آمادگی کو کرکٹ کے حلقوں میں سراہا جا رہا ہے جب کہ پاکستانی شائقین کئی برسوں بعد کسی بین الاقوامی کرکٹ میچ کو دیکھنے کے لیے بے تاب دکھائی دیتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی حکومت نے ضمانت دی تو اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیج سکتے ہیں، ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی سیکیورٹی کا وفد رولینڈ ہولڈر اور پال سلوی پر مشتمل ہوگا، و فد اس ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات اور خدشات کا جائزہ لے گا۔

دوسری جانب پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی کے حوالے سے کوئی مسائل نہیں ہیں، سیکورٹی کے حوالے سے فیکا کے خدشات غیر حقیقی اور لاعلمی پر مبنی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ بین الاقوامی کرکٹ کو خوش آمدید کہے گی اور ہر قسم کی سیکیورٹی مہیا کرے گی۔

یاد رہے کہ کرکٹرز کی عالمی تنظیم فیکا نے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کو خطرناک قرار دیتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کھیلنے سے منع کیا تھا۔

Print Friendly, PDF & Email
20

Comments

comments

اس ویب سائیٹ پر موجود تمام تحریری مواد کے جملہ حقوق@2018 اے آروائی نیوز کے نام محفوظ ہیں

To Top