ہوٹلوں میں مسافروں کو سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں لیکن ایک ہوٹل کی راہداری کا فرش نا ہموار ہے جس کو دیکھ لوگ پہلی نظر میں چکرا جاتے ہیں۔
لوگوں کی بڑی تعداد سیاحت یا کاروبار کی وجہ سے بیرون شہر یا ملک سے باہر سفر کرتی رہتی ہے اور ایسے لوگ اکثر ہوٹلوں میں قیام کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں ہوٹل انتظامیہ اپنے گاہکوں کو بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کرتے ہیں لیکن جرمنی میں ایک ہوٹل راہداری کا فرش دیکھ کر آپ چکرا جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمنی کے شہر کولوگنی میں ایک ہوٹل کی راہداریوں کا فرش متوازن اور ہموار ہونے کے بجائے ناہموار دکھائی دیتا ہے جس کو ہوٹل آنے والے مسافر پہلی نظر دیکھ کر چکرا جاتے ہیں لیکن جب حقیقت سے آگاہ ہوتے ہیں تو بے ساختہ مسکرا پڑتے ہیں۔
ناہموار اور اونچے نیچے راستوں والی راہداریوں کا راز یہ ہے کہ ہوٹل کی انتظامیہ نے اپنی راہداریوں میں دماغ چکرا دینے والے ڈیزائن کے قالین بچھوائے ہیں جس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ راستہ بہت خراب ہے۔
سمندر کے نیلے رنگ کے ان عجیب وغریب قالین کی تصویر Reddit پر ایک صارف نے شیئر کی جو کہ ہوٹل کے دورے کے دوران اس کا فرش دیکھ کر حیران رہ گیا۔
اس حوالے سے ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راہداری میں بے وجہ گھومنے یا شور کرکے دیگر مہمانوں کو پریشان کرنے والے افراد کو ان کے کمروں میں محدود رکھنے کے لیے فرش پر ایسے ڈیزائن والے قالین بچھائے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس تصویر پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے جاری ہیں۔