قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے کہا ہے کہ میری لائیو کرکٹ کی یہ سب سے بہترین اننگز تھی، اننگز کی سب سے اچھی بات فخر زمان کا نیا انداز اپنانا تھا۔
یونس خان نے کہا کہ فخرزمان نے ثابت کیا وہ ایک لمبی اننگز کھیل سکتے ہیں انہوں نے میدان کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلے۔
ہیڈکوچ مصباح الحق نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فخر زمان کی اننگز ایک شاندار اننگز تھی انہوں نے تن تنہا اتنے بڑے ہدف کے تعاقب میں زبردست شاٹس کھیلیں جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں فخر زمان کی یہ اننگز ٹیم کے لیے بہت مفید رہے گی۔
193 رنز کی شاندار اننگز: ملکی و غیر ملکی کرکٹرز کی زباں پر فخر زمان کا چرچا
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ فخر زمان کی 193 رنز کی اننگز ون مین شو تھا فخر زمان کی ڈبل سنچری مکمل نہ ہونے کا دکھ ہے اگر ان کے ساتھ کوئی اور بیٹسمین کریز پر ہوتا تو میچ جیت سکتے تھے دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کے باوجود فخر زمان فوکس رہے ٹیل اینڈرز کے ساتھ کریز سنبھالنے کے باوجود انہوں نے کلین ہٹنگ کی۔
محمد حفیظ نے کہا کہ ایک کرکٹ فین کی حیثیت سے فخر زمان کی اننگز کا بہت لطف اٹھایا، بحیثیت سینئر کرکٹر فخر زمان کی اننگز دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔
قومی کرکٹر امام الحق نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ایسی اننگز بہت کم دیکھنے کو ملتی ہیں، فخر زمان کی پاؤر ہٹنگ شاندار تھی، فخر زمان نے ثابت کیا کہ وہ تن تنہا میچ کا پانسہ پلٹنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔