پی ایس ایل 9 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست ہوئی سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے اس ہار کی وجہ بتا دی۔
سابق وکٹ کیپر کامران اکمل نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دیا جانے والا 196 رنز کا ہدف اچھا ٹارگیٹ تھا تاہم قلندرز کو راشد خان کمی محسوس ہوئی۔
کامران اکمل نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کے لیے گزشتہ دو تین سال سے مڈل اوورز میں راشد خان آؤٹ کرتا تھا، ابتدائی میچ میں وہ مسنگ پارٹ نظر آیا۔ اگر راشد خان ہوتا تو اسلام آباد کے لیے اتنا بڑا ہدف حاصل کرنا بہت مشکل ہوتا۔
اس موقع پر باسط علی نے کہا کہ دو سال سے پی ایس ایل میں جو ٹیمیں افتتاحی میچ کھیلتی ہیں وہیں فائنل بھی کھیلتی ہیں۔ اس تناظر میں کہا جا سکتا ہے کہ پی ایس ایل 9 کا فائنل لاہور اور اسلام آباد کے درمیان ہوگا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 9 کا گزشتہ روز آغاز ہو گیا۔ افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز بڑا اسکور کرنے کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ سے 8 وکٹوں سے ہار گئی۔
لاہور قلندر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ رسی وینڈرنے 71 اور صاحبزادہ فرحان نے 57 رنز کی اننگ کھیلی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کپتان شاداب خان کے ناقابل شکست 74 اور آغا سلمان کے 64 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ شاداب خان میچ کے بہتری کھلاڑی قرار پائے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


