تازہ ترین

دو فیچرز کی بدولت تاریخی تبدیلی

سان فرانسسکو: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ کی ذیلی ایپ نے کرونا وبا کے دوران اہم سنگ میل عبور کرلیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرائے جانے والی کاروباری ایپ ’واٹس ایپ بزنس‘ پر گزشتہ چار ماہ کے دوران بڑی تعداد میں صارفین نے اکاؤنٹس بنائے۔

رپورٹ کے مطابق چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد نے کرونا لاک ڈاؤن میں کاروبار جاری رکھنے کے لیے واٹس ایپ بزنس ورژن کا سہارا لیا جس کا انہیں فائدہ بھی ہوا۔ واٹس ایپ بزنس پر ہر ماہ پچاس لاکھ سے زائد صارفین نے اکاؤنٹ بنایا۔

مزید پڑھیں: فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام میسنجر کو ایک کرنے کی تیاری

انتظامیہ کا ماننا ہے کہ حال ہی میں متعارف کرائے جانے والے دو فیچرز کمپنی کے لیے انقلابی ثابت ہوئے کیونکہ اس کے بعد صورت حال تیزی سے بدلی اور ایپلیکیشن کے استعمال میں بہت زیادہ اضافہ ہوا۔

واٹس ایپ نے بزنس ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے جو دو نئے فیچرز متعارف کروائے اُن میں کیو آر کوڈز اور کیٹ لاگ شیئرنگ ہیں۔ یہ دونوں فیچرز چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے افراد کے لیے اچھے ثابت ہوئے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حیران کن طور پر ایک محتاط اندازے کے مطابق ہر ماہ پچاس لاکھ کے قریب صارفین اس پلیٹ فارم سے جڑ رہے ہیں، جو ایک بڑا سنگ میل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس، واٹس ایپ کے استعمال میں حیران کن اضافہ

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروباری مراکز بند تھے جس کی وجہ سے خریداروں اور تاجروں نے ایپ کا سہارا لیا اور ایک دوسرے سے رابطہ کر کے اپنی خواہشات کو پورا کیا۔

یاد رہے کہ واٹس ایپ نے ایک برس قبل کاروباری افراد کے لیے بزنس ایپ متعارف کرائی تھی جس کی مدد سے تاجر اپنے گاہکوں کے ساتھ رابطے میں رہتے اور اشیاء آن لائن فروخت کرتے ہیں، رقم کی لین دین کے لیے بھی واٹس ایپ کی سہولت متعارف کرائی جاچکی ہے۔

Comments

- Advertisement -