کراچی (27 دسمبر 2025): فلار ملز ایسوسی ایشن کی وارننگ کام کر گئی ہے، گندم کی فراہمی پر سندھ حکومت اور فلاز ملز کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
فلار ملز ایسوسی ایشن نے 48 گھنٹے کے الٹی میٹم کا وقت دیا تھا جو گزشتہ رات ختم ہو گیا، فلاز ملز اور سندھ حکومت کے درمیان تنازعہ گندم کی غیر منصفانہ تقسیم پر ہے، سندھ حکومت نے فلار ملز کی شکایت پر سیکریٹری فوڈ کو گھر بھیج دیا، اور 20 گریڈ کے غلام عباس نئے سیکریٹری فوڈ مقرر کر دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ ٹریڈرز کو سرکاری گندم دینے پر فلاور ملز نے سندھ حکومت کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا، اور مطالبہ کیا تھا کہ سندھ حکومت فوری طور پر ٹریڈرز کو فراہمی بند کرے۔ گزشتہ روز فلار ملز ایسوسی ایشن جنرل باڈی اجلاس ہوا جس میں ملز نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے سنگل مطالبے پر اب بھی قائم ہیں، اور سیکریٹری فوڈ کی تبدیلی کے بعد فلار ملوں کو فوری گندم جاری کی جائے۔
دالیں، چاول اور مصالحہ جات کی نئی سرکاری قیمتیں مقرر
فلار ملوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر ٹریڈرز کو گندم جاری کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو جنوری میں آٹا نہیں ملے گا۔ ٹریڈرز سستی گندم لے کر مہنگی فروخت کر رہے ہیں، جب کہ اس پر سندھ کے عوام کی سبسڈی ملنی چاہیے۔
فلار ملز ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ ٹریڈرز کو گندم کی فراہمی روکنے کے نوٹیفیکشن جاری ہونے تک فلار ملز مؤقف پر ڈٹی رہے گی، اسی لیے الٹی میٹم منگل تک بڑھا دیا گیا ہے۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


