حکومت نے ایک ملین میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی تیاری شروع کر دی۔
اس سلسلے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم کی گندم درآمد سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹریڈنگ کارپوریشن کو گندم درآمد کرنے کی ضروری تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام صوبوں اور ٹی سی پی نے گندم کی درآمد کی ضروریات سے آگاہ کر دیا ہے حکومت صوبوں کو گندم سمیت ضروری اشیا کی وافر فراہمی کیلئے معاونت کرے گی اور حکومت صوبوں کے ساتھ مستحکم قیمتوں کے لیے معاونت جاری رکھے گی۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ گندم کی درآمد کا پورا عمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے۔
گندم کی درآمد کے عمل میں تمام صوبوں کے ساتھ قریبی رابطہ اور مشاورت کی ہدایت کر دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، معاونین خصوصی اور چاروں صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔


