بی سی سی آئی حکام 2023 ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق صدر بھارتی کرکٹ بورڈ راجر بنی، نائب صدر راجیو شکلا 4 ستمبر کو پاکستان آئیں گے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے دونوں عہدیدار 4 ستمبر کو لاہور میں ایشیاکپ کا میچ دیکھیں گے۔
بھارتی بورڈ عہدےدار چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکااشرف سے ملاقات بھی کریں گے جس میں ایشیاکپ سمیت دیگر امور پر بات چیت ہو گی۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ کا افتتاحی میچ دیکھنے کے لیے مدعو کیا تھا۔
پاکستان کا مقابلہ نیپال سے 30 اگست کو ملتان میں ہوگا۔ پی سی بی نے مذکورہ میچ کے لیے دیگر ایشیائی ممالک کے بورڈ آفیشلز کو بھی دعوت نامے بھیجے تھے۔
پی سی بی نے آئی سی سی کے درجہ بندی کی اہم شخصیات کو بھی دعوتیں بھیجی ہیں جن میں آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلارڈائس اور جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان شامل ہیں۔
2023 ایشیا کپ 30 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں ہونا ہے۔ پاکستان گروپ اے میں نیپال اور بھارت کے ساتھ مقابلہ کرے گا جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا شامل ہوں گے۔