اجے دیوگن بالی ووڈ کے معروف اداکار ہیں جنہوں نے کئی بلاک بسٹر فلمیں دی ہیں اب ان کی فلم دریشم کا جنوبی کوریا میں ری میک بننے جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کی مشہور زمانہ فلم ’’دریشم‘‘ کا پہلی بار جنوبی کوریا میں ریمیک بننے جا رہا ہے۔ اس کے ہندی ورژن میں معروف بھارتی اداکار اجے دیوگن نے فن کے جوہر دکھائے تھے۔
بھارتی فلم پروڈکشن ادارے پینوراما اسٹوڈیو اور جنوبی کوریا کے انتھولوجی اسٹوڈیو نے فلم دریشم کا کوریا میں مشترکہ طور پر ریمیک بنانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان جاری کانز فلم فیسٹیول کے دوران انڈین پویلین میں پینوراما اسٹوڈیو کے سربراہ کمار منگت پھاٹک اور انتھالوجی اسٹوڈیو کے جے چوئی کی موجودگی میں کیا گیا ہے۔
دریشم ایک ملیالم کرائم تھرلر فلم تھی جو جیورجکتے (موہن لال) اور اس کی فیملی کے گرد گھومتی ہے وہ اس وقت شک کی زد میں آتا ہے جب ورون پربھاکر (آئی جی گیتھا پربھاکر کا بیٹا) لاپتہ ہوجاتا ہے۔ 2013 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کے لکھاری اور ڈائریکٹر جیتو جوزف تھے۔
اس فلم کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس فلم کا بعد ازاں چار دیگر زبانوں میں ری میک بنایا گیا جس میں 2014 میں کناڈا زبان میں دریشیا اور تیلگو زبان میں دروشیام کے نام سے بنائے گئے۔ 2015 میں پاپاناسم کے نام سے تامل میں فلم بنائی گئی جب کہ ہندی زبان میں 2015 میں اس کو دریشم کے نام سے بنایا گیا جب کہ اس کا سیکوئل بھی بنایا گیا۔
فلم پروڈیوسر پھاٹک کے مطابق میں اپنی فلم کا کورین زبان میں ریمیک بننے پر بہت پرجوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ پہلی ہندی فلم ہے جو جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن کے تحت بنائی جا رہی ہے۔
پھاٹک کے مطابق حالیہ برسوں میں کورین فلم بینوں نے بہت متاثر کیا ہے اور ان کا خیال ہے کہ یہاں بھارتی فلموں کے شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
اینتھالوجی اسٹوڈیو کے شریک بانی چوئی نے معروف کورین اداکار سونگ کانگ اور ہدایتکار کم جی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت سے مشترکہ فلم سازی کے منصوبے کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں۔ یہ ہمارے لیے اعزاز ہے کہ ہم بھارت کی کامیاب ترین فلم میں سے ایک کو کوریا کے سینما پر اس کے اصل تاثر کے ساتھ پیش کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فلم کا ریمیک بنانا کوریا اور بھارت کے درمیان مشترکہ فلمسازی کا پہلا بڑا اقدام ہے اور انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہم بھارت اور کوریا کے سینما کو بہترین اور پر اثر فلمیں دے سکیں گے۔
وارنر بروس کے سابق ایگزیکٹو امریکی نژاد جیک نوین فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہوں گے جو کہ پھاٹک کے ساتھ وارنر بروس پروڈکشن کے تحت بننے والی فلم ’’اتیتی تم کب جاؤ گے‘‘ اور چوئی کے ساتھ بلاک بسٹر کورین ڈراما فلم ’’ایج آف شیڈو‘‘ میں کام کرچکے ہیں۔
اس حوالے سے جیک نوین نے کہا کہ میں پہلے بھی ان معزز اور اعلیٰ پائے کے پروڈیوسرز کے ساتھ کام کرچکا ہوں اس لیے ان کے ساتھ ’’دریشم‘‘ جسی کہانی پر دوبارہ کام کرنا میرے لیے اعزاز ہے اور میں اس تاریخی لمحے کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔