تازہ ترین

پشاور: ڈبلیو ایچ او نے پولیو وائرس کے گڑھ شاہین مسلم ٹاؤن کو پولیو سے پاک قرار دے دیا

پشاور: پولیو ورکرز کی ڈیڑھ سال کی محنت رنگ لے آئی، شاہین مسلم ٹاؤن میں لیے گئے سیوریج نمونوں میں پولیو وائرس نہیں ملا۔

تفصیلات کے مطابق پولیو ورکرز کی محنت کے نتیجے میں پشاور کا علاقہ شاہین مسلم ٹاؤن پولیو وائرس سے پاک ہوگیا، عالمی ادارۂ صحت نے تصدیق کر دی کہ شاہین مسلم ٹاؤن کے نمونے پولیو سے پاک ہیں۔

شاہین مسلم ٹاؤن کے سیوریج نمونوں میں ہر بار پولیو وائرس پایا گیا تھا، ڈبلیو ایچ او نے علاقے کو پولیو وائرس کا گڑھ قرار دیا تھا، نکاسی آب کے نالوں کے نمونے رواں مہینے 10 اپریل کو لیے گئے تھے۔

پولیو وائرس کے خطرناک اسٹیٹس کے پیش نظر انسداد پولیو مہمات میں شاہین مسلم ٹاؤن پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی تھی۔

انسداد پولیو مہم کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے فوکل پرسن بابر بن عطا نے کہا کہ شاہین مسلم ٹاؤن سے پولیو وائرس کا خاتمہ بڑی کام یابی ہے۔ بابر بن عطا نے کہا کہ اس بڑی کام یابی پر میں پولیو ورکرز اور عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:  انشاءاللہ پشاور پولیو ڈرامے میں ملوث تمام ملزمان سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، بابر عطا

خیال رہے کہ ملک بھر کے 59 مقامات سے ہر ڈیڑھ ماہ بعد سیوریج نمونے لیے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ پشاور میں چند دن قبل پولیو سے بچوں کی طبیعت خراب ہونے کی جعلی ویڈیو منظر عام پر آ گئی تھی، جس کا بھانڈا پھوٹنے کے بعد مرکزی ملزم نذر محمد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

گزشتہ روز بابر عطا نے کہا تھا کہ پشاور پولیو ڈرامے میں ملوث تمام ملزمان سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، پولیس چیف سے مسلسل رابطے میں ہوں اور تمام صورت حال پر نظر ہے، پولیو ڈرامے میں ملوث 12 افراد کے خلاف ایف آئی درج کر لی گئی ہے۔

Comments

- Advertisement -