ممبئی : بالی ووڈ کے اداکار سلمان خان نے معروف گلوکار ارجیت سنگھ کو پہچاننے سے ہی انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق دبنگ خان اداکارہ انوشکا شرما کے ہمراہ گزشتہ روز اپنی نئی فلم ’’سلطان‘‘ کی پروموشن کے لیے ایک تقریب میں شریک ہوئے جہاں ایک صحافی نے اُن سے ارجیت سنگھ کے گانے کے حوالے سے سوال کیا تو جواب میں سلمان خان نے گلوکار کو پہنچاننے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری میں کئی گلوکار گانا گاتے ہیں مگر گانے کو فلم میں رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ فلم کے پروڈیوسر اور ڈائیریکٹر کو کرنا ہوتا ہے۔
سلمان خان نے مزید کہا کہ ایک بار میری آواز کو بھی مسترد کیا جاچکا ہے مگر میں نے مثبت طریقے سے اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھا اور اپنے آواز کےساتھ مزاج میں نکھار پیدا کرنے کی کوشش کی۔
یاد رہے دبنگ خان کی نئی فلم ’’ سلطان‘‘ میں ارجیت سنگھ کی آواز میں ایک گانا ’’جگ گھومیا‘‘ شامل کیا گیا تھا مگر ارجیت سے ناراضی کے بعد فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر نے اس گانے کو ارجیت سنگھ کی آواز سے نکال کر فلم پاکستانی اداکار راحت فتح علی خان کی آواز میں ریکارڈ کر کے شامل کیا ہے۔
واضح رہے ایک نجی محفل میں ارجیت سنگھ کی جانب سے دبنگ خان کے لیے کچھ الفاظ کی ادائیگی کے بعد گلوکار کی جانب سے سوشل میڈیا پر معافی طلب کی گئی تھی جس میں ارجیت نے سلمان خان سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کے بارے میں برا سوچ بھی نہیں سکتے۔
مزید پڑھیں : بھارتی گلوکارارجیت سنگھ کو سلمان خان کی توہین مہنگی پڑ گئی
فلم بینوں کی جانب سے سلو میاں کی اس ناراضی پر ارجیت سنگھ کے مستقبل کو خطرناک قرار دیا گیا ہے اور چند نامور شخصیات نے گلوکار کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جلد از جلد سلمان خان سے معافی مانگ کر معاملے کو حل کریں۔