انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سپر اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے اپنے پسندیدہ کرکٹر کی نشاندہی کی ہے۔
سابق بھارتی کپتان جو خود دنیا بھر میں کرکٹ شائقین کی پسندیدہ شخصیت ہیں، انہوں نے اپنے پسندیدہ کرکٹر کے حوالے سے نہ تو بابر اعظم کا نام لیا، نہ اسٹیو اسمتھ اور نہ ہی جوئے روٹ کا ذکر کیا۔
ایشیا کپ میں بھارتی اسپورٹس چینل سے نیپال کے خلاف میچ کے دوران بات کرتے ہوئے سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ آج کے دور میں انگلینڈ کے بین اسٹوکس میرے پسندیدہ بلے باز ہیں۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو آج کے دور کا بہترین آل راؤنڈر تصور کیا جاتا ہے، بین اسٹوکس نے ماضی قریب میں انگلینڈ کے لئے بہت سے کارنامے سر انجام دیئے، اسی باعث انہوں نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے لیے گزشتہ سال لی گئی ریٹائرمنٹ کو بھی واپس لے لیا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے پانچویں میچ میں بھارت نے نیپال کو دس وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور میں رسائی حاصل کرلی ہے۔
کینڈی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ملنے والا 145 رنز کا ہدف باآسانی بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔
بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور شبھمن گل نے ناقابل شکست نصف سنچریاں اسکور کیں۔
روہت شرما نے 6 چوکے 5 چھکے لگا کر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شبھمن گل نے 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 67 رنز بنائے۔
نیپال کا کوئی بھی بھارتی بیٹرز کو آؤٹ نہ کرسکا۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، نیپال 48.2 اوورز میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور بھارت کو جیت کے لیے 231 رنز کا ہدف دیا تھا، بارش کے باعث بھارت کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 23 اوورز میں 145 رنز کا ہدف ملا تھا۔
نیپال کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ 65 رنز پر گری جب کوشل بھرتل 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آصف شیخ نے 58 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔