واشنگٹن: امریکا کے چھیالیسویں صدر جوبائیڈن آج اپنے عہدے کاحلف اٹھائیں گے، بائیڈن تقریب حلف برداری میں کئی اہم شخصیات شرکت کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے نومنتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری تقریب کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن چیف جسٹس جان رابرٹس سے صدارتی حلف لیں گے جبکہ کاملاہیرس سپریم کورٹ کی جسٹس سونیا سوتو مایر سے نائب صدر کا حلف لیں گی۔
جوبائیڈن کی آج ہونے والی تقریب حلف برداری میں سابق صدور، کانگریس اراکین اور سیلیبریٹیز شرکت کرینگے، جن میں سابق صدور بل کلنٹن، جارج ڈبلیو بش، بارک اوباما شامل ہیں جبکہ امریکی نائب صدر مائیک پنس کی شرکت بھی متوقع ہے، اس کے علاوہ تقریب میں کانگریس کے متعدد اراکین کی شرکت بھی متوقع ہے۔
لیڈی گاگا اس تقریب میں قومی ترانہ پیش کریں گی اور جینیفرلوپیز کنسرٹ کرینگی، امریکی گلوکارہ جیفر لوپیز اپنے پرائیویٹ جیٹ پر واشنگٹن پہنچ چکی ہیں، جنیفرلوپیز کے منگیتر ایلیکس کا کہنا ہے کہ سپر اسٹار گلوکارہ حلف برادری کی تقریب میں وہ اپنے نئے گانے پرفارم کریگی۔
ہالی ووڈ اسٹار ٹام ہینکس تقریب میں نوے منٹ کی اسپیشل ٹرانسمیشن کی میزبانی کے فرائص انجام دیں گے, تقریب کی یو ٹیوب، فیس بک، ٹوئٹر، ٹوئچ، ایمیزون, پرائم ویڈیو، مائیکرو سافٹ بنگ، نیوز ناؤ، ڈائریکٹ ٹی وی اور یو-ورس پر بھی لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔

دوسری جانب امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں کرفیو کا سماں ہے، نیشنل گارڈز کے پچیس ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔ احتجاج کے پیش نظرکئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور امریکی پارلیمنٹ کو جنگلے لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل گارڈز نے شہر کی اہم سڑکیں رکاوٹیں لگا کر بند کردی ہیں۔
واشنگٹن کے نیشنل مال سمیت کئی دنوں سے بڑے عوامی پارکس تک رسائی بند ہے، ورجینیا اور کولمبیا کے درمیان راستہ بھی بند کیا ہے، علاوہ ازیں درجنوں سب وے اسٹیشنز بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


