تازہ ترین

پی ایس ایل سکس میں بائیو سیکیورببل کیوں ناکام ہوا؟، رپورٹ تیار

لاہور: پی ایس ایل سکس میں بائیو سیکیورببل کی ناکامی کے اسباب جاننے کے لئے بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ پینل نے اپنا کام مکمل کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سکس میں بائیو سیکیورببل کیوں ناکام ہوا؟ تحقیقات کیلئےقائم دو رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل رواں ہفتے کے آخر میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو اپنی رپورٹ جمع کرائے گا۔

پینل میں ڈاکٹر سید فیصل محمود اور ڈاکٹر سلمیٰ محمد عباس شامل ہیں۔

پینل نے پی ایس ایل 6 کے لیے بائیو سیکیور پروٹوکولز اور ضمنی قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا، دو رکنی آزاد پینل پی سی بی کو اپنی رپورٹ میں بتائے گا کہ ‏وہ کون سی وجوہات تھیں جس کے باعث بائیو سیکیور ماحول کوویڈ فری کیوں نہ رہ سکا؟

یاد رہے کہ رواں مارچ کی چار تاریخ کو پاکستان سپر لیگ سیزن سکس سات کرونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جس کے بعد پی سی بی نے ٹیم مالکان کی مشاورت سے کرکٹ کے اس میلے کو ملتوی کردیا تھا۔

رواں ماہ کی چھ تاریخ کو پی سی بی میڈیکل پینل کے ہیڈ سہیل سلیم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، ڈاکٹر سہیل پاکستان سپر لیگ میں بائیو سیکیور ببل اور ایس او پی کی تیاریوں کے باعث شدید تنقید کی زد میں تھے۔

گیارہ مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل انتظامیہ کے درمیان اہم بیٹھک ہوئی، جس میں طویل غوروفکر کے بعد پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں کرانے پر اتفاق کیا گیا، اس کے علاوہ اس نقطے پر بھی اتفاق کیاگیا کہ کھلاڑیوں کی دستیابی کے بعد میچز کرانے کا اعلان کیاجائیگا۔اہم ترین اجلاس میں پی سی بی اور ٹیم مالکان نے اتفاق کیا کہ پی ایس ایل کے باقی میچز پاکستان میں ہی ہونگے۔

اس سے قبل پی ایس ایل فرنچائز نے پی ایس ایل سے متعلق معاملات کا ازسر نو جائزہ لینے مطالبہ کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ اہم معاملات میں مشاورت نہیں کی جاتی، کرونا پروٹوکولز پر بھی فرنچائز سے بات نہیں کی گئی، معاملات سے دور رکھنے کی وجہ سے صورت حال خراب ہوئی۔

فرنچائز کا شکوہ تھا کہ کسی بھی معاملے پر منصوبہ بندی کرنی ہو تو فرنچائز کو دور رکھا جاتا ہے، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے تحمل سے فرنچائز کی بات سنی اور فرنچائز کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں فرنچائز کو شکایات کا موقع نہیں ملے گا۔

 

Comments

- Advertisement -