قائرہ: تیونس کی گلوکارہ لطیفہ العرفاوی ہر سال رمضان کی آمد پر خوف زدہ کیوں ہوجاتی ہیں اس اہم راز سے خاتون نے پردہ اٹھاتے ہوئے سب کو افسردہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مصر کے نجی ٹی وی شو میں جب گلوکارہ کے یہ سوال پوچھا گیا کہ وہ رمضان کی آمد پر خوفزدہ کیوں ہوتی ہیں تو انہوں نے اشکبار آنکھوں کے ساتھ اپنا ماضی کا ایک واقعہ بیان کیا جسے سُن کر سب غمگین ہوگئے۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ جب میں صرف 13 برس کی تھی تو ماہ رمضان میں میرے والد کام پر گئے اور وہی اُن کا انتقال ہوگیا جس کی وجہ سے مجھے اس ماہ سے بہت زیادہ خوف آتا ہے کیونکہ ابو مجھ سے بہت زیادہ محبت کرتے تھے۔
اُن کا کہناتھا کہ جب والد کے انتقال کی خبر ملی تو میں اپنی ایک دوست کے ساتھ گھر میں کھیل رہی تھی ، یہ ایک ایسا لمحہ تھا جسے جب بھی یاد کرو تو خوف کی وجہ سے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں اور اعصاب ساتھ دینا چھوڑ دیتے ہیں۔
لطیفہ کا کہنا تھا کہ والد کی وفات کے باعث میں اُس سال امتحانات میں بھی فیل ہوئی یہ پہلا موقع تھا کہ مجھے ناکامی کا سامنا رہا، آج وہ میرے ساتھ نہیں جس کا افسوس تو ہے مگر میں اُن کی مغفرت کے لیے دعا کرتی ہوں۔
شادی نہ کرنے کے حوالے سے انہوں نے انکشاف کیا کہ شاعر محمد عبد الوہاب نے مجھے آخری نصیحت کی تھی کہ ’فن کبھی کسی شریک کو قبول نہیں کرتا، اگر تم شادی کرلو گی تو پھر بہت پیچھے رہ جاؤں گی‘۔
لطیفہ نے مزید بتایا کہ ’میں پانچ برس تک ایک شخص کے ساتھ بطور منگیتر منسلک رہی البتہ اُس نے اچانک ہی رشتہ ختم کردیا جس کے بعد مجھے لگتا ہے کہ شاید میرے مقدر میں شادی نہیں‘۔