شیخوپورہ : پنجاب میں اسکول ٹیچر نے کلاس روم میں ٹھیک سے صفائی نہ کرنے پر کمسن طالب علم کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں کمسن طالب علموں پر تشدد کے متعدد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں اسکول یا مدرسہ ٹیچر کمسن طالب علموں پر بدترین تشدد کے مرتکب پائے گئے۔
ایسے ہی دل دہلا دینے تشدد کا واقعہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں پیش آیا ہے جہاں اسکول ٹیچرز نے پانچویں جماعت کے طالب علم شرجیل نعیم کو کلاس کی ٹھیک سے صفائی نہ ہونے پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
متاثرہ طالب علم کے والد کا کہنا ہے کہ ٹیچرز کے بہیمانہ تشدد سے بیٹے کی کلائی کی ہڈی ٹوٹ گئی جبکہ اسکول ٹیچرز عباس شاہ اور محمد کاظم بیٹے کو گالیاں بھی دیتے رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طالب علم والد کے ہمراہ انصاف کےلیے سی ای او ایجوکیشن شیخوپورہ کے دفتر پہنچ گیا، جس پر سی ای او ایجوکیشن ملک منظور احمد نے نوٹس لیتے ہوئے دونوں ٹیچرز کو طلب کرلیا۔