لاہور : اختلافات پر بیوی نے جہیز میں ملنےگاڑی فروخت کرنے پر شوہر پر فراڈ کا مقدمہ درج کرادیا تاہم عدالت نے شوہر کی قبل ازگرفتاری ضمانت کنفرم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے جہیز میں ملنے والی گاڑی فروخت کرنے کے الزام میں شوہر کے خلاف درج فراڈ کے مقدمے میں قبل از گرفتاری ضمانت کنفرم کر دی۔
جسٹس طارق محمود باجوہ نے محمد عمیر ریاض کی عبوری درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ شکایت کنندہ خاتون نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس نے اپنی گاڑی شوہر کے پاس بطور امانت رکھی تھی، تاہم شوہر نے گاڑی فروخت کر دی جس پر اس کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کروایا گیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ ریکارڈ کے مطابق متنازع گاڑی بیوی کے نام پر رجسٹرڈ ہے جبکہ شوہر محض اسے استعمال کر رہا تھا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ یہی گاڑی پہلے ہی فیملی کورٹ میں زیر سماعت جہیز کے دعوے کا حصہ بن چکی ہے اور شکایت کنندہ خود بھی اسے جہیز کا سامان قرار دے چکی ہے۔
عدالت نے نشاندہی کی کہ بیوی نے ایف آئی آر میں فیملی کورٹ میں زیر التوا مقدمے کا ذکر نہیں کیا جبکہ درخواست گزار کے مطابق مقدمہ خاندانی تنازع اور میاں بیوی کے درمیان اختلافات کے باعث درج کروایا گیا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ بادی النظر میں مقدمہ میاں بیوی کے خراب ازدواجی تعلقات کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے ، ملزم تفتیش میں شامل ہو چکا ہے اور ریکارڈ پر کسی بدنیتی یا دھوکہ دہی کا واضح ثبوت موجود نہیں۔
بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے محمد عمیر ریاض کی قبل از گرفتاری عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔


