بھارتی پولیس نے بیوی کی گمشدگی پر شوہر کو اغوا اور قتل کے مقدمے میں جیل بھیج دیا، بعدازاں مردہ قرار دی جانے والی بیوی بازار میں گھومتی نظر آئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ عجیب و غریب واقعہ بھارتی ریاست بہار کے ضلع گیا میں پیش آیا جہاں ایک خاتون کے اغوا اور قتل کے الزام میں شوہر کو جیل بھیج دیا گیا۔
معاملے تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ وجے کمار نامی شخص کی بیوی کئی بار گھر سے بھاگی اور اپنے ماموں کے ہاں پناہ لی مگر 2013 میں جب وہ گھر سے فرار ہوئی تو واپس نہیں آئی جس کے بعد اس کے اہل خانہ نے تھانے میں اغوا اور قتل کا مقدمہ درج کرا دیا۔
مقدمے میں وجے کمار کے چھوٹے بھائی اور ماں کو نامزد کیا گیا تھا تاہم پولیس نے وجے کے چھوٹے بھائی کو مقدمے سے نکال کر وجے کو نامزد کیا اور گرفتار کرکے تین ماہ کےلیے جیل بھیج دیا جب ماں کو عدالت سے ضمانت لینا پڑی۔
اب 9 سال بعد مردہ قرار دی جانے والی خاتون بازار میں گھومتی ہوئی نظر آئی جسے اس کی نند نے بازار میں خریداری کرتے دیکھا۔
خاتون کے زندہ ہونے کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی اور خاتون کو حراست میں لے لیا، فی الحال اسے پولیس کی حراست میں رکھا گیا ہے اور تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔