راولپنڈی : طلاق دینے یونین کونسل کے دفتر آنے والے شوہر پر بیوی نے تیزاب پھینک دیا تاہم پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے گوجر خان میں ایک لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا، جہاں ایک خاتون نے یونین کونسل کے دفتر کے باہر اپنے شوہر پر تیزاب پھینک کر اسے شدید زخمی کر دیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شوہر پر تیزاب پھینکنے والی خاتون کو موقع سے ہی گرفتار کر لیا۔
پولیس نے بتایا متاثرہ شخص جس کی شناخت کامران حسین کے نام سے ہوئی ہے، اپنی بیوی کو قانونی طور پر طلاق دینے کے لیے یونین کونسل کے دفتر آیا ہوا تھا، جیسے ہی کامران حسین یونین کونسل کے دفتر سے باہر نکلا، وہاں پہلے سے موجود اس کی اہلیہ نے اس پر تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید جھلس گیا۔
متاثرہ شخص کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجر خان منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد بتایا کہ کامران حسین کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون نے گھریلو چپقلش اور ناچاقی کی وجہ سے یہ انتطامی قدم اٹھایا۔ پولیس نے زخمی شوہر کی مدعیت میں باقاعدہ مقدمہ درج کر کے ملزمہ کے خلاف قانونی کارروائی اور تفتیش تیز کر دی ہے۔


