کیا کوئی ہالی ووڈ فلم دیکھتے ہوئے آپ کو احساس ہوتا ہے کہ فلم میں ہیرو کی پٹائی کا شکار کسی کردار نے جو چیخ ماری ہے، اسے آپ پہلے بھی کہیں سن چکے ہیں؟
اگر ایسا ہوا ہے، تو جان لیں کہ آپ اس چیخ کو درجنوں بار سن چکے ہیں۔ یہ دراصل فلموں میں استعمال ہونے والا صوتی ویژول ہے جسے ’ولہلم اسکریم‘ کہا جاتا ہے۔
یونیورسٹی آف کیلی فورنیا، لاس اینجلس (یو سی ایل اے) کے اسکول آف تھیٹر، فلم، اینڈ ٹیلی ویژن میں فلم ہسٹری کے پروفیسر جوناتھن کٹز اس بارے میں بتاتے ہیں کہ ولہلم اسکریم ہالی ووڈ میں استعمال کیا جانے والا سب سے مقبول ساؤنڈ افیکٹ ہے۔
یہ چیخ اس وقت سنائی دیتی ہے جب ایکشن فلموں میں کسی کردار کو گولی لگتی ہے یا کوئی اونچی جگہ سے گرتا ہے۔
اس چیخ کی تاریخ کے بارے میں بتاتے ہوئے پروفیسر جوناتھن کا کہنا تھا کہ یہ چیخ پہلی بار سنہ 1951 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ڈسٹنٹ ڈرمز‘ میں سنی گئی۔
فلم کے ایک سین میں ایک کردار کو دلدل میں گرنا تھا اور گرتے ہوئے اسے دلدوز چیخ مارنی تھی، فلم کے ڈائریکٹر چاہتے تھے کہ یہ چیخ نہایت مختلف اور متاثر کن ہو۔
یہ کردار شیب وولے نے ادا کیا اور انہوں نے ہی یہ چیخ ماری، شیب وولے اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی کرتے تھے۔
اس وقت یہ چیخ زیادہ مقبول نہیں ہوئی۔ سنہ 1953 کی ایک فلم ’دا چارج ایٹ فیدر ریور‘ میں اس چیخ کو دوبارہ استعمال کیا گیا۔
فلم کے ایک سین میں پرائیوٹ ولہلم نامی ایک کردار کو ٹانگ پر گولی ماری گئی اور اس موقع پر یہ چیخ استعمال کی گئی، یہاں سے اس چیخ کا نام ولہلم اسکریم پڑا۔
جوناتھن کا کہنا ہے کہ ایک فلم بناتے ہوئے پوری ساؤنڈ افیکٹس لائبریری درکار ہے جس سے مختلف آوازیں فلم کے مختلف مواقعوں میں استعمال کی جاسکیں۔
پروڈیوسرز نئی آوازوں کی تخلیق کے لیے مختلف افراد کی خدمات بھی لیتے ہیں تاہم پرانے ساؤنڈ افیکٹس کا دوبارہ استعمال بچت کرسکتا ہے۔
جوناتھن کے مطابق اس چیخ کو اب تک 300 کے قریب فلموں میں استعمال کیا جاچکا ہے۔ ہالی ووڈ کے ایک معروف ساؤنڈ ڈیزائنر بین برٹ جنہوں نے شہرہ آفاق فلموں کے لیے اپنی خدمات پیش کیں، انہوں نے اس چیخ کو دریافت کیا تھا۔
برٹ نے اس چیخ اور اس کی پچ پر ریسرچ بھی کی، انہوں نے اس چیخ کو اسٹار وار فلم سیریز کی تمام فلموں میں استعمال کیا۔
اس کے بعد یہ چیخ بے شمار فلموں میں استعمال کی گئی، اسٹیون اسپیل برگ نے بھی اپنی کئی فلموں میں اسے استعمال کیا جبکہ یہ چیخ لارڈ آف دی رنگز، اینی میٹد فلمز ٹوائے اسٹوری اور ریزروائر ڈاگز میں بھی سنی جاسکتی ہے۔
وکی پیڈیا پر اس چیخ کا صفحہ بھی موجود ہے جبکہ یوٹیوب پر ایسی ویڈیوز بھی موجود ہیں جن میں اس چیخ کے مناظر کو یکجا کیا گیا ہے۔