پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہم آئندہ بائیکاٹ نہیں کریں گے اور نہ ہی استعفیٰ دیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم آئندہ بھرپور پارلیمانی سیاست کریں گے، الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کا حلف اٹھایا، میں ان کو حالات کا ذمہ دار سمجھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دینے کی الیکشن کمیشن کی ہی ذمہ داری ہے، ان سے پوچھنے والا ادارہ پارلیمان ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ شیر افضل مروت کے بیانات کو پارٹی کے بیانات مان سکتے ہیں، اگر وہ کہتے ہیں غلطی ہوئی تو یہ ان کی رائے ہے ان کی نظر میں غلطی ہوئی ہوگی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل سے اتحاد درست فیصلہ تھا ہم فیصلے پر قائم ہیں، کچھ ایسے لوگ تھے جو اس اہم فیصلہ سازی میں ہمارے ساتھ نہیں تھے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کور کمیٹی تین مرتبہ ملتی ہے یہ نہ تو ن لیگ میں ہے نہ پیپلزپارٹی میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی اچھائی ہے کہ وہ اپنی عوام کے لیے وزیراعظم کے پاس گئے، وزیراعظم کے ساتھ بیٹھنا ضروری تھا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بلا ہماری وجہ سے نہیں گیا جبکہ اسلام آباد میں جلسہ پرامن ہوگا۔