جمعہ, فروری 14, 2025
اشتہار

کیا پاکستانی ورلڈ کپ میچز دیکھنے بھارت جا سکیں گے؟

اشتہار

حیرت انگیز

ون ڈے ورلڈ کپ کے شروع ہونے میں لگ بھگ 38 دن باقی ہیں لیکن بی سی سی آئی کی نا اہلی پاکستانی شائقین کے بھارت جانے کے معاملے پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہو رہا ہے جب کہ وارم اپ میچز کا آغاز 29 ستمبر ہے سے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی نا اہلی نے اس ایونٹ کو تماشا بنا دیا ہے پہلے میچز کی تاریخوں کی تبدیلی اور اب ویزہ پالیسی تیار نہ ہونے کے باعث شائقین کرکٹ ہیجان میں مبتلا ہیں۔

ورلڈ کپ کی ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز تو کر دیا گیا ہے تاہم بھارتی بورڈ نے بیرون ملک سے اپنی ٹیموں کے میچز دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کرکٹ کے لیے تاحال ویزہ پالیسی مرتب نہیں کی ہے جس کی وجہ سے وہ تذبذب کا شکار ہوگئے ہیں کہ ٹکٹ لیں یا نہ لیں۔

اس بے یقینی کی صورتحال سے انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سمیت دیگر ملکوں کے شائقین تو پریشان ہیں لیکن پاکستانی شائقین شدید اضطراب میں مبتلا ہیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ بالعموم جو پاکستانی بھارت ویزے کا خواہشمند ہوتا ہے، اسے 90 روز پہلے آن لائن اپلائی کرنا ضروری ہوتا ہے لیکن بی سی سی آئی ویزا پالیسی کے اعلان میں ہر گزرتے دن تاخیر کے ساتھ پاکستانی فینز کو بھارت میں جا کر میچ دیکھنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے۔

صرف بھارتی ویزے کا حصول ہی نہیں بلکہ روانگی، ہوٹل بکنگ، ہر شہر میں آتے جاتے وقت پولیس رپورٹ سمیت ایسے بہت سے مسائل ہیں جن سے پاکستانی فینز کو گزرنا ہوگا۔

پاکستانی فینز کی بھارت پہنچنے کیلیے بھی بھارتی بورڈ کو حکومتی کلیئرنس درکار ہے، آئی سی سی قوانین کے تحت جب کسی بھی ملک کو ورلڈ کپ سمیت کوئی بھی آئی سی سی ایونٹ میزبانی کے لیے دیاجاتا ہے تو میزبان بورڈ اور آئی سی سی کے درمیان ایک معاہدہ سائن ہوتا ہے جس کے تحت ٹیموں، آفیشلز، براڈکاسٹرز، کرکٹ فینز، میڈیا کو بروقت اور آسان ویزوں کا اجرا لازمی یقینی بنانا ہوتا ہے۔

تاہم بھارت جو کرکٹ کے معاملے پر اپنی ہٹ دھرمی دکھاتا آیا ہے تو اس بات کے بھی امکانات ہیں کہ سیکیورٹی ایشوز کی وجہ سے پاکستانی فینز کو بھارت ملک جاکر میچز دیکھنے اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے سے ہی محروم کردیا جائے۔

اس حوالےسے جب کرکٹ پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) سے رابطہ کیا تو آئی سی سی آفیشل کا جواب تھا کہ ویزہ پالیسی جیسے ہی طے ہوگی، اس کا اعلان کردیا جائے گا۔ دوسری جانب جب اس ایشو پر اسلام آباد میں موجود بھارتی ہائی کمشن کے ترجمان ابھیشک شرما نے رابطے پر موقف اختیار کیا کہ ویزہ پالیسی کی تیاری کے سلسلے میں کام جاری ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے رجوع کرنے پر تاحال موقف سامنے نہیں آسکا۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کا آخری ایونٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گزشتہ سال آسٹریلیا میں ہوا تھا جہاں ایونٹ سے 8 ماہ قبل ہی میچ وینوز، ٹکٹس، ویزوں، میڈیا ایکریڈٹیشن کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، جس کے باعث کسی کو پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں