تازہ ترین

پاکستان کو قائد اعظم اور اقبال کا پاکستان بنا کر دم لیں گے، آرمی چیف

لاہور: آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ اور رسول ﷺ کے نام پر حاصل کیا گیا ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا، پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر دم لیں گے، جس طرح آج یہ پرچم بلند ہوا ایسے ہی پاکستان بھی  ترقی کرے گا۔

واہگہ بارڈر پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ الحمداللہ آج پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اور ہم اس کا 70واں جشنِ آزادی منارہے ہیں، آج پاکستان کا ہرادارہ ایمانداری سے کام کررہا ہے اور ہم آئین و قانون کے اصل راستے پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارگل کا معرکہ ہو یا دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو ہم نے بہت قربانیاں دیں، آج جو چراغ یہاں جل رہے اُن میں شہیدوں کا لہو شامل ہے اور یہ ہم پر قرض بھی ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک کے کونے کونے سے ڈھونڈ کر ختم کریں گے، پاکستان کے دشمن مغرب یا مشرق میں کہیں بھی ہوں سُن لیں ہم ہوشیار اور ہر سازش سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

پڑھیں: ایشیاء کا سب سے بلند پاکستانی پرچم واہگہ بارڈر پر لہرا دیا گیا

پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی چیلنجز کا سامنا ضرور ہے مگر پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، دنیا کے کسی ملک میں ایسی طاقت نہیں کہ پاکستان کی طرف غلط نظر سے دیکھ سکے اور اگر کسی نے یہ کرنے کی کوشش کی تو ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوجائیں گے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے مسلح افواج کی جانب سے قوم کو 70ویں جشن آزادی کی مبارک باد بھی پیش کی۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -