چوبیسواں گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا، انجری نے امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کو ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ سے باہر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ میں سرینا کا پہلے راؤنڈ میں بیلاروس کی الیاکسندرا ساسنووچ کے خلاف میچ تھا، دونوں کے مابین پہلا سیٹ 3-3 کے پوائنٹ سے برابر تھا کہ اسی دوران وہ کورٹ میں پھسل گئیں پر جس کے باعث کھیل کو کچھ دیر تک روکنا پڑا۔
واقعے کے فوری بعد سرینا ولیمز کو طبی امداد بھی دی گئی، اس کے بعد وہ کورٹ میں واپس آئی لیکن تھوڑی دیر بعد انتالیس سالہ امریکی اسٹار کھیل جاری نہ رکھ سکیں اور گھٹنوں کے بل گرگئی، ایک بار پھر ان کا طبی معائنہ کیا گیا بعد ازاں سرینا ولیمز نے میچ سے دستبرداری کا اعلان کیا، جس کے بعد ٹینس اسٹارآبدیدہ بھی ہوئیں۔

سرینا نے رواں سال کے شروع میں گرینڈ سلیم آسٹریلیا اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی تھی لیکن وہ نومی اوساکا کے خلاف سیدھے سیٹ میں شکست کھاکر ٹورنامینٹ سے باہر ہوگئیں تھیں۔
واضح رہے کہ سرینا نے سنہ دو ہزار میں سڈنی اور 2008 بیجنگ اولمپکس میں ڈبلز میں طلائی تمغہ جیتا تھا، اس کے بعد انہوں نے دوہزار بارہ میں لندن اولمپکس میں سنگلز اور ڈبلز کیٹیگری میں طلائی تمغہ جیتا۔
یاد رہے کہ بیس سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ سرینا ولیمز چیمپئن شپ کے پہلے راونڈ سے آگے نہ جاسکیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


