The news is by your side.

Advertisement

نیوزی لینڈ ٹیم کی واپسی، پاکستان نے معاملہ سفارتی سطح پر اٹھا دیا

پاکستان نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اچانک دورہ منسوخی اور واپسی کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھا دیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے نیوزی لینڈ کی حکومت کو احتجاجی مراسلہ بھجوایا ہے جس میں کیوی ٹیم کے ‏دورہ پاکستان منسوخی کے محرکات سے آگاہ کرنے کو کہا گیا ہے۔ احتجاجی مراسلہ وزرات خارجہ کی جانب سے ‏بھجوایا گیا ہے۔

پاکستانی سفیر نے بھی نیوزی لینڈ کی وزارت خارجہ سے رابطہ کر کے معاملےکی وضاحت مانگی ہے۔ تھریٹ ‏الرٹ کی نوعیت اور اس سے جڑی معلومات فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم سیریز کے لیے پاکستان میں موجود تھی، 17 ستمبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم ‏میں پہلا ون ڈے کھیلنے کی تمام تیاریاں مکمل تھیں جب اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کا ‏بہانہ بنا کر سیریز منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان سے جانے کا فیصلہ کر لیا۔

بعد میں نیوزی لینڈ کے میڈیا نے دعویٰ کیا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت کو پاکستان میں کرکٹ ٹیم کے خلاف ‏تھریٹ کی اطلاع فائیوآئیز کی جانب سے دی گئی تھی۔

اس کے بعد خدشے کے عین مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے معذرت کر لی، ‏انگلینڈ کی مینز ٹیم کو 13، 14 اکتوبر کو 2 ٹی ٹوینٹی کھیلنا تھے، جب کہ خواتین ٹیم نے 2 ٹی ٹوینٹی اور 3 ون ‏ڈے میچز پاکستان میں کھیلنا تھے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں