مدنی پور (25 نومبر 2025): بھارتی ریاست بنگال میں خاتون نے غلطی سے کھانے میں پانی کے بجائے تیزاب ملا کر فیملی کو کھلا دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق واقعہ مدنی پور میں پیش آیا جہاں تیزاب سے بنا کھانا کھانے سے ایک ہی فیملی کے 6 افراد کی حالت غیر ہوگئی، متاثرین اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
تیزاب سے تیار کھانا کھانے والوں میں دو کم عمر بچے بھی شامل ہیں جنہیں کولکتہ کے ایس ایس کے ایم اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: شوہر نے بیوی اور ساس پر تیزاب پھینک دیا
بھارتی نیوز ایجنسی آئی اے این ایس نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ کھانا کھانے کے فوراً بعد 6 افراد کی حالت غیر ہونا شروع ہوئی۔
پولیس اور انتظامی افسران واقعے کی تحقیقات کیلیے متاثرین کے گھر پہنچے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا کہ فیملی کا ایک فرد تانبا اور چاندی کا کام کرتا ہے جس نے تیزاب رکھا تھا، خاتون پانی اور تیزاب میں فرق نہ کر پائی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق سنتو سینیاسی کے کسی رشتہ دار نے تیزاب کو پانی سمجھ کر کھانے کی تیاری کے برتنوں میں ڈال دیا تھا جس کو پھر چاول اور سالن پکانے کیلیے استعمال کیا گیا۔
اہل علاقہ نے تصدیق کی کہ سنتو سینیاسی اپنے کام کے باعث گھر میں تیزاب رکھتا تھا جو اس گھر کا معمولی حصہ بن چکا تھا۔


