بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

پولیس نے جہانیاں میں ماں بیٹی کے قتل کو دیرینہ دشمنی کا نتیجہ قراردے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پولیس نے جہانیاں میں ماں بیٹی کےقتل کو دیرینہ دشمنی کانتیجہ قرار دے دیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قاتلوں کوتاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا،  ملزمان کی گرفتاری کے لئےچھاپہ مارٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہانیاں میں ماں بیٹی کےقتل پر آر پی اوملتان نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ، پولیس نےماں بیٹی کاقتل دیرینہ دشمنی کانتیجہ قرار دیا ہے۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قاتلوں کوتاحال گرفتار نہیں کیاجاسکا، دستیاب وسائل میں رہ کرگرفتاری کی کوششیں کررہےہیں، فریقین میں قتل کے مقدمات پر قانونی چارہ جوئی جاری ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فریقین چھاپہ مارنے والے پولیس اہلکار کو بھی قتل کرچکے ہیں،ر مقتولہ کے بیٹے کے مطابق قتل سابقہ مقدمات کےنتیجےمیں ہوا جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔

یاد رہے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جہانیاں میں ماں اور بیٹی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ، آئی جی پنجاب سے تین دن میں رپورٹ طلب کی تھی، چیف جسٹس کے نوٹس کے بعد پولیس نے تین نامزد اور دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔

مزید پڑھیں : چیف جسٹس ثاقب نثار نے جہانیاں میں ماں، بیٹی کے قتل کا نوٹس لے لیا

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جہانیاں میں ماں، بیٹی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملزمان کوکیفر کردار تک پہنچا کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔

واضح رہے جہانیاں کچہری میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے پیشی پر آئی تاج بیگم اور بیٹی عاصمہ کو قتل کر دیا تھا اور ملزمان گولیاں چلانے کے بعد آسانی سے فرار ہوگئے تھے۔

دونوں ماں بیٹی قتل کے مقدمے میں مدعی تھیں، جنہیں احاطہ عدالت میں پہنچنے سے پہلے ہی قتل کیاگیا جبکہ پولیس نے واقعہ کو پرانی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں