کراچی : سعودی عرب سے بے دخل کی جانے والی خاتون کو ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب سے بے دخل کی جانے والی خاتون کو حراست میں لے لیا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ خاتون کا تعلق بہاولپور سے ہے. ملزمہ نے اعتراف کیا کہ وہ دو ایجنٹوں کے ذریعے بیرون ملک گئی اور سعودی عرب پہنچنے پر اسے منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے حوالے کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ نیٹ ورک میں لاہور سے زینی، اوکاڑہ سے حسیب اور سعودی عرب میں حاجی اللہ وسایا شامل ہیں، خاتون مبینہ طور پر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہی۔
دوسری جانب کراچی ایئرپورٹ پر ہی ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو بھی روک لیا۔
حکام کے مطابق مسافر پاکستانی پاسپورٹ پر کمبوڈیا جا رہے تھے، تاہم حلیہ اور کاغذات مشکوک ہونے پر انہیں حراست میں لے لیا گیا اور دونوں مسافروں سے تفتیش جاری ہے۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


