لاہور/ عارف والا: لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں خاتون کو کرنٹ لگا کر اور گلا دبا کر قتل کر دیا گیا، دوسرے واقعے میں عارف والا میں بھائی نے بھائی کی جھونپڑی کو آگ لگا دی جس سے 3 دن کا بچہ جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہربنس پورہ لاہور میں گھریلو ناچاقی پر شوہر رمضان نے بیوی سندس کو کرنٹ لگایا، بعد ازاں اس کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 28 سالہ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے بھجوا دیا گیا، ملزم رمضان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
تازہ ترین: فرشتہ قتل کیس کے مرکزی ملزم محمد نثار پر فرد جرم عائد
دوسرے واقعے میں ضلع پاکپتن کی تحصیل عارف والا کے نواحی گاؤں میں گھریلو جھگڑے پر بھائی نے بھائی کی جھونپڑی کو آگ لگا دی، آگ لگنے سے 3 دن کا بچہ جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق آگ لگانے سے قبل 7 ملزمان نے بچے کے ماں باپ کو رسیوں سے باندھا، والدین نے پولیس کو بتایا کہ وہ منت سماجت کرتے رہے لیکن ملزمان نے بچے کو اٹھانے نہ دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ سال پہلے چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کی مطلقہ سے شادی کی تھی۔