نئی دہلی : گزشتہ سال پب جی گیم کھیلنے کے دوران بھارتی شہری کی محبت میں گرفتار ہوکر پسند کی شادی کرنے کیلئے غیر قانونی طور پر بھارت پہنچنے والی خاتون کو عدالت نے ضمانت دے دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی خاتون سیما حیدر جاکھرانی اور اس کے ہندوستانی دوست سچن کو اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا کی ایک عدالت نے ضمانت دی تاہم انہیں ابھی جیل سے رہا ہونا باقی ہے, کاغذی کارروائی اور تصدیق مکمل ہونے کے بعد انہیں رہا کیا جائے گا، سیما کے چار بچے بھی جیل میں اس کے ساتھ ہیں، وہ جیل سے باہر آنے کے بعد بھی ماں کے ساتھ ہی رہیں گے۔
اس سے قبل عدالت نے حکم دیا تھا کہ خاتون کے چار بچے، جن کی عمریں 7 سال سے کم ہیں، جیل میں ماں کے ساتھ رہیں گے۔
سچن کے والد نیترپال سنگھ کو بھی اس کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر ایک غیر قانونی تارکین وطن کو پناہ دینے کا الزام لگایا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ والد کو بھی اسی عدالت نے جمعرات کو ضمانت دی تھی۔
بھارتی پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستانی خاتون جس کی عمر 25 سال سے زائد ہے اور مقامی شخص کا آن لائن گیم پب جی پر رابطہ ہوا تھا اور ان کے درمیان دوستی ہوگئی۔
مقامی پولیس اہلکار کے مطابق یہ خاتون مبینہ طور پر اپنے چار بچوں کے ساتھ گزشتہ ماہ نیپال کے راستے بھارت میں داخل ہوئی تھی اور اتر پردیش میں داخل ہونے کیلئے ایک بس کے ذریعے گریٹر نوئیڈا پہنچی تھی۔
دوسری جانب بھارتی پولیس کی جانب سے گرفتار کیے جانے کے بعد جیل میں قید خاتون سیما کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ میرا شوہر سعودی عرب میں رہتا تھا، وہ مجھے 2019 میں چھوڑ کر چلا گیا تھا، ہماری طلاق ہوچکی ہے، چار سال سے اکیلی تھی، آن لائن گیم پر سچن سے پیار ہوا اور بھارت چلی آئی۔